نئی دہلی، 19؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کشمیر کے اڑ ی میں فوجی ٹھکانے پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان کارروائی کے متبادل پر غور کر رہا ہے اور پاک مقبوضہ کشمیر میں دہشت گرد ی کے کیمپوں کو تباہ کرنے کے لیے اٹھتے فوجی کارروائی کے مطالبہ کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔اس درمیان، ایک اور جوان کی موت کے ساتھ کل کے دہشت گرد انہ حملے میں شہید ہوئے جوانوں کی تعداد 18ہو گئی ہے۔حملے میں شدید زخمی ہوئے سپاہی کے وکاس جناردن کو ہوائی راستے سے فوج کے دہلی میں واقع ریسرچ اینڈ ریفرل اسپتا ل لایا گیا تھا جہاں ان کی موت ہو گئی۔فوج پر ہوئے اس خوفناک دہشت گردانہ حملے سے ملک میں ناراضگی کا ماحول ہے اور پاکستان کو سفارتی طور پر الگ تھلگ کرنے کے اعلان کے درمیان اطلاعات و نشریات کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان کو کارروائی کرنی ہوگی اور حملے کے سازشیوں کو سزا دینا ہوگا اور اس کو اب اور ہلکے میں نہیں لیا جا سکتا۔بی جے پی کی اہم اتحادی پارٹی شیوسینا نے اڑ ی حملے کو لے کر مودی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ اگر ان میں اسامہ بن لادن کے قتل کے لیے امریکہ کی طرح پاکستان پر حملہ کرنے کی ہمت نہیں ہے تو بین الاقوامی شبیہ بنانے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، وزیر دفاع منوہر پاریکر، وزیر خزانہ ارون جیٹلی، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ سہاگ اور دیگر سینئر افسران مودی کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں شامل ہوئے۔